مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کی سائیڈ لائن میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈے سے ملاقات کی۔ ملاقات سے متعلق پاکستانی حکام نے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کرسٹین لیگارڈے نے ملاقات کو سودمند قرار دیا۔ کرسٹین لیگارڈے نے کہا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف کے امدادی پیکج کے تناظر میں حالیہ اقتصادی پیش رفت اور امکات پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فیصلہ کن پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کے لیے مضبوط پیکج سے اپنی معیشت کو بحال کرسکتا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور حکومت پاکستان معیشت کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کر رہی ہے اور حکومت ملک میں سماجی تحفظ کو فروغ دے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر امداد اور 3 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 3 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا جاچکا ہے۔
آپ کا تبصرہ